سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھانے کیلئے پیلٹ کے بعد21 ہزار پلاسٹک کی گولیاں بھی وادی میں پہنچادیں گئیں، خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا، دو ہفتے کے دوران 40 واقعات رونما ہوئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پیلیٹ کے بعد قابض بھارتی انتظامیہ اب کشمیریوں پر پلاسٹک کی گولیاں برسائے گی،
سینٹرل ریزرو پولیس فورسز کے حکام کے مطابق 21 ہزار پلاسٹک کی گولیاں وادی میں پہنچا دی گئی ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں خواتین کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ رکا نہیں، دو ہفتوں کے دوران خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے 40 واقعات سامنے آچکے ہیں، تمام کارروائیاں دن دھاڑے کی گئیں۔بھارتی میڈیا نے وادی میں سیکورٹی کی صورتحال پر سوالات اٹھا دیئے ہیں، بے بس انتظامیہ نے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف معلومات دینے پر 6 لاکھ انعام کی رقم کا اعلان کیا ہے۔سری نگر اور بارہ مولا میں 3افراد کو خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے شک میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ وادی میں مسلسل بڑھتے ہوئے ان واقعات کے خلاف حریت قیادت نے کل وادی میں مکمل ہڑتال کااعلان کیاہے۔