واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیرِ خارجہ رک ٹلرسن نے کہا ہے کہ امریکہ کو پاکستانی حکومت کے مستقبل کے بارے میں تشویش ہے۔امریکی ٹی وی کو انٹرویومیں انھوں نے کہاکہ ہمیں پاکستان کی حکومت کے مستقبل کے بارے میں تشویش ہے، ہم چاہتے ہیں کہ وہاں کی حکومت مستحکم ہو، پرامن ہو، اور کئی ایسے مسائل جن سے وہ نبردآزما ہیں وہ ہمارے مسائل بھی ہیں۔امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے پاس موقع ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلق کو مضبوط بنایا جائے،
ہم تمام سطحوں پر سخت محنت کریں گے، جن میں وزارتِ خارجہ، وزارتِ دفاع، انٹیلی جنس کمیونٹی، اور ساتھ ہی معاشی اور تجارتی مواقع بھی شامل ہیں۔ٹلرسن نے مزید کہا کہ امریکہ کی نئی پالیسی تمام خطے کے بارے میں ہے اور میرے خیال سے پاکستان خطے کے طویل مدت استحکام کے لیے بیحد اہم ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش کئی مسائل دونوں ممالک کے لیے مشترکہ ہیں اور ان پر قابو پانے کے لیے ہمیں ہر شعبہ میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔