بغداد/واشنگٹن (این این آئی)بین الاقوامی کالعدم تنظیم داعش نے ایک ریکارڈنگ جاری کی ہے جس میں ان کے سربراہ ابو بکر البغدادی نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کو ’مزاحمت‘ جاری رکھنے کیلئے کہا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق موت کی مبینہ خبروں کے بعد رواں سال میں دیئے گئے اپنے پہلے پیغام میں داعش کے سربراہ نے اپنے حمایتیوں کو مخاطب کرتے ہوئے گروپ سے لڑنے والے ممالک کے ’میڈیا سینٹر‘ کو نشانہ بنانے کی ہدایت کی۔
ادھر امریکا کا کہنا ہے کہ وہ مذکورہ ریکارڈ کی تصدیق کررہے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ انہیں اس کی صداقت میں ’کوئی شبہ نہیں‘۔ابو بکر البغدادی نے اپنے مذکورہ ریکارڈ میں الزام لگایا کہ داعش کے رہنماؤں اور جنگجوؤں نے یہ محسوس کیا ہے کہ کامیابی کا راستہ صبر میں ہے اور میدان میں مزاحمت جاری رکھی جائے۔اس ریکارڈنگ میں ابو بکر البغدادی نے امریکا، روس، ایران اور ان کے اتحادیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا، جن کے حملوں کے باعث شام اور عراق میں داعش جنگجوؤں کی لڑائی متاثر ہوئی۔