واشنگٹن(این این آئی)دنیا بھر میں سفاکیت اور وحشیانہ پن کی علامت سمجھی جانے والی دہشت گرد تنظیم داعش کا معروف ترین “جلّاد جان” کس کو یاد نہ ہو گا جو تنظیم کی خونی وڈیوز کا مرکزی کردار ہوتا تھا۔ دو برس سے زیادہ عرصے تک جاری ہونے والی ان وڈیوز نے لوگوں کے دلوں میں دہشت اور غصے کے تاثرات پیدا کر دیے۔عرب ٹی وی کے مطابق منظر عام پر آنے والی ایک نایاب وڈیو میں جلاد جان یا “جہادی جان” کے نام
سے مشہور داعشی محمد اموازی شام میں ایک کیفے کے اندر دیگر 3 برطانویوں کے ساتھ بیٹھا نظر آ رہا ہے۔ یہ وڈیو داعش تنظیم کے چنگل سے فرار ہو جانے والے ایک رکن نے 2014 میں کیمرے کے ذریعے بنائی۔اخبار کے مطابق یہ کیفے شام میں داعش کا گڑھ سمجھے جانے والے الرقہ شہر میں کلاک ٹاور کے نزدیک واقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس مقام پر متعدد غیر ملکی یرغمالیوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا جن میں دو برطانوی اور دو امریکی صحافی بھی شامل ہیں۔