جدہ(آن لائن)سعودی عرب کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے پیٹریاٹ میزائل کی مدد سے یمن سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل ہدف تک پہنچنے سے پہلے فضاء میں تباہ کردیا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمنی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل داغا جسے خمیس مشیط کی فضائی حدود میں تباہ کردیا گیا ہے۔’العربیہ‘ چینل کے ایک ذریعے کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے ایک کارروائی کے دوران یمن میں میزائل حملوں
کے لیے استعمال ہونے والے ایک لانچنگ پیڈ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔سعودی عرب پر یمنی علاقوں سے بیلسٹک میزائل حملے کی حالیہ ناکام کوشش امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یو این جنرل اسمبلی سے خطاب کے جلو میں کی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ایران، یمنی باغیوں کو میزائل اور دیگر تباہ کن ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ادھر یمنی فوج نے حوثی ملیشیا کے زیر استعمال ایک بغیر پائلٹ کے ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ واقعہ الجوف گورنری میں پیش آیا۔ رواں ہفتے میں اپنی نوعیت کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔یمن کے محاذ جنگ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق فوج نے المتون ڈاریکٹوریٹ کے حام محاذ پر تصاویر اتارنے والے ایک ڈرون کو مار گرایا تھا۔