نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل آنتونیو گوٹریس نے کہاہے کہ عراقی کردستان کی عراق سے علیحدگی سے متعلق 25 ستمبر کو مقررہ ریفرنڈم داعش تنظیم کو ہزیمت سے دوچار کرنے کی ضرورت اور واپس لیے جانے والے علاقوں کی تعمیرِ نو کی طرف سے توجہ ہٹا دے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی تنظیم کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ جنابِ سکریٹری جنرل عراقی
سرزمین کی خود مختاری ، سلامنی اور وحدت کا احترام کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک اتحادی حکومت اور کردستان ریجن کی حکومت کے درمیان معلق تمام تر معاملات کو باقاعدہ بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ڈوجارک کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل عراق میں تمام رہ نماؤں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مسئلے کے حوالے سے صبر کا مظاہرہ کریں اور جذبات کو قابو میں رکھیں۔