برلن (آئی این پی )چین کا تجویز کردہ بیلٹ اینڈ روڈ منصو بہ بین الاقوامی امن کے فروغ اور جغرافیائی اور سیاسی مخالفتوں کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، دنیا میں آج کل بڑے بڑے بحرانوں کی وجہ معاشی ترقی نہ ہونا ہے کیونکہ معاشی ترقی آج کل امن کی بنیاد ہے اور چین کا بیلٹ اینڈ روڈ
منصوبہ ان ممالک کو ترقی کی پیشکش کررہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار جرمن تھنک ٹینک شلر انسٹی ٹیوٹ کے بانی ہیلگا زیپ لاروشے نے یہاں اپنے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ چین کا تجویز کردہ ہے اور اس کے پس منظرمیں بین الاقوامی برادری کی ترقی ہے،اگر روس اور جرمنی جیسی طاقتیں اس منصوبے میں فعال کردار ادا کر سکتی ہیں تو یہ کئی موجودہ مسائل کو حل کرسکتا ہے ، یہ منصوبہ امن اور ترقی کے فروغ اورغربت پر قابو پانے کیلئے اہم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اعدادوشمار کے مطابق بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے گرد ممالک نے گذشتہ چار برسوں کے دوران ساٹھ ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری براہ راست چین کی طرف سے کی گئی ہے جبکہ چینی کمپنیوں نے 20سے زیادہ ملکوں میں 56معاشی اور تجارتی زونز قائم کئے ہیں جن سے 1.1ارب ڈالر کا ٹیکس ریونیو اور ایک لاکھ اسی ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں ۔