اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فوج نےایک بار پھر کنٹرول لائن سے ملحقہ سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کردی،جس کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ۔ہفتے کو بھارتی فوج ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پرسیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر اتر آئی۔مقامی آبادی کو بھارتی جارحیت سے بچانے کےلیے پاک فوج کی کئی بٹالینز لائن آف کنٹرول پہنچ گئیں
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے پونچھ لائن آف کنٹرول کے سیکٹر بٹل اوردھرم سال میں فائرنگ کرکے سول آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔مقامی آبادی کو بچانے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے پاک آرمی حرکت میں آ گئی۔ فوجی جوان حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے متاثرہ علاقے میں پہنچ گئے تتہ پانی،رکڑ،درہ شیرخان،مدارپورمیں بھی 30کلو میٹرکے علاقےمیں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔رکڑ کے علاقے میں خوفوہراس پھیلا ہوا ہے مقامی لوگوں اور طلبا نے مسجد میں پناہ لے رکھی ہے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔دوسری طرف بھارت نے ایک بار پھر ۔۔ہرزہ سرائی کرتے ہوئے پاکستانی فوج پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول سے ملحقہ علاقوں میں پاک فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہو گیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے پونچھ سیکٹر میں بھارتی فوجی چوکیوں پر ہلکے ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ کی جس پر بھارتی فوج نے بھی جوابی کارروائی کی ۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک کشمیری زخمی ہو گیا ۔