اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا، بی جے پی حکومت ناکام ہو چکی، کانگرس کی صدر سونیا گاندھی نے تحریک آزادی کشمیر میں شدت اور تیزی کو بھارت اور مودی حکومت کی ناکامی قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق کانگرس کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے اور یہ بی جے پی اور مودی سرکار کی ناکامی ہے۔
سونیا گاندھی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب مودی سرکار برہان وانی کے یوم شہادت پر کشمیر کو فوجی چھائونی بنائے ہوئے ہے اور وادی کے حالات دنیا سے چھپانے کیلئے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کر کے ظلم کا بازار گرم کئے ہوئے ہے۔ سونیا گاندھی اس سے قبل بھی 6جون 2017کو کانگرس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر میں بڑھتی اور شدت اختیار کرتی تحریک آزادی کا اعتراف کرتے ہوئے کہہ چکی ہیں کہ کشمیر میں جاری مودی سرکار کی پالیسیوں نے کشمیر کو بھارت سے کاٹ دیا ہے وہاں کے نوجوان علیحدگی کی جانب بڑھ رہے ہیں اور کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے۔اس موقع پر انہوں نے ریاست کی کٹھ پتلی انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہاں کی انتظامیہ حالات کی نزاکت کو سمجھنے کے بجائے معاملات کو غیر سنجیدگی سے طے کرنے کے درپے ہے جو کہ ایک خطرناک بات ہے۔انہوں نے کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی کثیر تعداد کی مجاہدین کے ہاتھوں ہلاکتوں کو بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی سینا کے جوانوں کی ایک بڑی تعداد اب تک کشمیر میں حریت پسندوں کی کارروائیوں کا نشانہ بن چکی ہے۔