نئی دہلی(این این آئی)بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی ملک کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے مہم چلا رہے ہیں لیکن ان کے ایک وزیر صاحب نے سرعام ان کی ا س مہم کا مضحکہ اڑاتے ہوئے پیشاب کردیا ہے۔ اس غیر شائستہ حرکت پر اب ان کا خوب ٹھٹھا اڑایا جارہا ہے۔بھارتی اخبارنے وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ کے ایک دیوار کے ساتھ کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کی تصویر اور خبر صفحہ اول پر شائع کی ۔
وزیر زراعت نے کہیں اور نہیں بلکہ ایک اسکول کی عمارت کی دیوار پر پیشاب کیا ۔ان کے ساتھ ان کے سکیورٹی محافظ بھی خود کار ہتھیار لیے کھڑے تھے۔بھارتی اخبار نے لکھا ہے کہ سنگھ کی یہ تصویر ریاست بہار میں ان کے حلقے میں بنائی گئی ہے۔اس تصویر کے منظر عام پر آتے ہی بھارت کے انٹرنیٹ صارفین نے وزیر زراعت اور حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کا ٹھٹھا اڑانا شروع کردیا۔ریاست بہار کی ایک علاقائی سیاسی جماعت راشٹریہ جنتا دل نے اپنے ٹویٹ میں اس واقعے پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔اس نے لکھاکہ یہاں،قحط زدہ علاقے میں قومی وزیر زراعت سخت سکیورٹی میں آب پاشی کی ایک اسکیم کا افتتاح کررہے ہیں۔(انھوں نے بیک وقت دو کام کیے ہیں ) اور صاف بھارت مشن میں بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔