نئی دہلی(آئی این پی )بھارت کی نیوکلیئر سپلائر گروپ (این ایس جی) میں شمولیت پر چینی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، چین بدستور اس معاملہ پر اپنے پہلے ہی فیصلہ پر کھڑا ہے ، بھارت آئندہ ہفتہ ہونے والی انتہائی اہم اجلاس میں شرکت کر کے 48ممالک کے ایلیٹ گروپ کی فہرست میں شامل ہونا چاہتا تھا ۔ غیر ملکی میڈیا لائیو منٹ (live mint)کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکھانگ نے گزشتہ روز میڈیا
سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این ایس جی گروپ کیلئے چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہں آئی ہے ، لوکھانگ نے یہ جواب صحافی کی جانب سے کئے گئے سوال کے جواب میں دیا ۔ میڈیا کے مطابق این ایس جی کا اجلاس آئندہ ہفتہ سوئزرلینڈ کے شہر برن میں منعقد ہونے جا رہا ہے ۔ چین اور بھارت کے باہمی تعلقات کا انحصار اس معاملہ پر بہت زیادہ ہے ۔ بھارت کی جانب سے ایلیٹ گروپ میں داخلے کیلئے درخواست بھیجی جا چکی ہے ۔ پاکستان جو چین کا ہر موسم کا ساتھی بھی اس گروہ میں شمولیت کیلئے بیجنگ کی حمایت پر درخواست دائر کر چکا ہے جبکہ بھارت کو امریکہ کی پشت پناہی کے ساتھ ساتھ یوپین ممالک کی بھی آشیر باد حاصل ہے ۔ مسلسل بھارت کے ساتھ اجلاسوں کے بعد چین نے کچھ لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گروپ میں شمولیت سے پہلے گروپ کے لئے کچھ اصول وضع کر لئے جائیں اور ان درخواستوں پر گروپ کے اصول وضع کرنے کے بعد غور کیا جائے ۔