نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اورقطرتنازع کے بعد پہلے امریکی صدرنے سعودی عرب اوراس کے اتحادیوں کے موقف کی حمایت کی اور کچھ روز بعد اربوں ڈالرزکااسلحہ قطر کوفروخت کرنے کامعاہدہ کرلیا۔قطرکے ٹی وی چینل الجزیرہ کے مطابق امریکی بحریہ کے دوبحری بیڑے اب قطرکے دارلحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں اورامریکی فوجی ،قطری فوج کے ساتھ ملکرفوجی مشقیں کرینگے ۔الجزیرہ کے مطابق امریکی بحری بیڑوں کی دوحہ آمد کی خبر قطر نیوز ایجنسی نے دی ہے۔
تاہم اس ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ امریکی بیڑے ہنگامی بنیادوں پرقطرآئے ہیں یااس سے قبل کوئی معاہدہ تھاجس کے تحت یہ بیڑے اب قطرپہنچے ہیں تاہم یہ امریکہ کی طرف سے قطرکی حمایت کاایک بڑااشارہ ہے کیونکہ امریکہ کامشرق وسطی میں سب سے بڑافوجی اڈابھی قطرمیں ہے اوراس وقت وہاں پرگیارہ ہزارسے زیادہ فوجی تعینات ہیں اوراسی فوجی اڈے سے امریکی جنگی جہازوں کوآپریٹ کیاجاتاہے ۔ جوکہ خطے میں امریکہ کےلئے بہت ہی اہمیت کاحامل ہے ۔