آستانہ (آئی این پی) چین کے صدر شی جن پھنگ اور چین کے وزیر اعظم لی کی کیانگ نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں میانمر کے جنوبی ساحل پر ایک فوجی طیارے کی تباہی پر میانمرکے صدر اور سٹیٹ کونسلر آن سان سو کائی کو تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے ۔اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں چینی صدر اور وزیر اعظم نے طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے ، پیغامات میں کہا گیا ہے کہ چین میانمر کا ایک اچھا ہمسائیہ
اور دوست ہے ، اس لئے دکھ کی گھڑی میں میانمر کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے اور میانمر کی حکومت کو جس تعاون کی بھی ضرورت ہو گی چینی حکومت فراہم کرے گی ۔یاد رہے کہ گذشتہ روز میانمر کا ایک مسافر بردار طیارہ جس پر 122مسافر جن میں 108فوجی اور ان کے خاندان کے علاوہ عملے کے 14ارکان سوار تھے ، ملک کے جنوبی ساحل کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا ، طیارے کا رابطہ پرواز کے کچھ دیر بعد ہی منقطع ہو گیا تھا ، طیارہ یانگ گان کی طر ف جارہا تھا ۔