انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے قطر میں قائم ترکی کے ایک فوجی اڈے پر تین ہزار تک ترک فوجیوں کی تعیناتی کی منظوری دیدی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدر ایردوان نے قطر کے ساتھ ایک اور معاہدے کی منظوری بھی دی ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان افواج کے تربیت کے لیے تعاون اور مشترکہ فوجی مشقیں کی جائیں گی۔ترکی کی جانب سے یہ دونوں اقدامات ایسے وقت کیے گئے ہیں جب قطر کو خطے کے بیشتر عرب ملکوں
کی جانب سے سخت سفارتی اور تجارتی بائیکاٹ کا سامنا ہے۔ترک حکومت نے سعودی عرب کی جانب سے قطر کے ساتھ زمینی سرحد بند کرنے کے نتیجے میں قطر میں خوراک کی قلت پیدا ہونےکے خطرے سے نبٹنے کے لیے دوحا حکومت کو خوراک، پانی اور دیگر ضروری اشیا مہیا کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ترک صدر بحران پیدا ہونے کے بعد سے سفارتی رابطوں میں بھی مصروف ہیں اور سعودی عرب اور قطر کے حکمرانوں اور امیرِ کویت سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔