لندن(این این آئی)ماہ صیام کے موقع پرعمرہ زائرین کی تعداد بڑھ جانے اور مسجد حرام میں نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر حکومت نے متعمرین، زائرین، نمازیوں اور روزہ داروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں۔ وہیں ان کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بھی غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق سعودی حکومت نے مسجد حرام میں رش کے باعث کسی بھی ہنگامی حالت سینمٹنے اور رش کو مانیٹر کرنے کے لیے 9 ہیلی کاپٹرز مختص کیے ہیں جو چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر زائرین ومتعمرین کو مناسک کی ادائی میں ہر ممکن سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں۔فضائی سیکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد عید الحربی نے کہا کہ اس بار نو ہیلی کاپٹر حرم مکی کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹروں اور ایمبولینس طیاروں کو مقرر کرنے کا مقصد زائرین کو ہر ممکن سیکیورٹی ہنگامی طور لاجسٹک اور انسانی امداد مہیا کرنا ہے۔ جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ان ہیلی کاپٹروں کی مدد سے مسجد حرام اور حرم مکی میں پر ھجوم مقامات پر خاص طور پر نظر رکھی جاتی ہے۔حرم مکی کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو ملانے والی مرکزی شاہراہ اور دیگر داخلی اور خارجی راستوں پر بھی شہریوں کی آمدو رفت کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔جنرل عیدالحربی کا کہنا تھا کہ ان ہیلی کاپٹروں کے لیے شاہ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس، النور اسپتال اور حرا اسپتال کے ہیلی پیڈ استعمال کیے جا رہے ہیں۔ حرم مکی میں ہیلی کاپٹروں کی پروازوں کا مقصد کسی ہنگامی صورت میں زائرین اور متعمرین کو بروقت اسپتالوں میں پہنچا کر انہیں ہرممکن طبی امداد فراہم کرنا ہے۔