دبئی (آئی این پی )دبئی امیگریشن حکام نے پاکستانی اور فلپائنی شہریوں کے لیے آئندہ 3 ماہ تک ویزے کا اجرا روک دیا۔مقامی ٹریول ایجنٹ کے مطابق ہمیں ہدایت کی گئی ہے کہ یکم جون سے 3 ماہ کے لیے ویزا درخواستیں مسترد کردیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تاہم یکم جون سے پہلے جن ٹریول ایجنٹس نے درخواستیں جمع کرائی تھیں ان پر کارروائی کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ دبئی کی حکومت نے اس قسم کے ویزے پر پابندی عائد کی ہے، ماضی میں بھی اسی طرح کی پابندی رمضان کے دوران لگائی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حالیہ اعلان کے باوجود پاکستانی 14 سے 30 روز کے لیے ویزا کے حصول کی غرض سے درخواست دے سکتے ہیں۔رپورٹ میں دبئی سے تعلق رکھنے والی ٹریول ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ متحدہ عرب امارت کے دیگر ممالک کے ذریعے درخواستوں کے عمل کے بارے میں سوچ رہے ہیں تاہم اس سے خرچ میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔واضح رہے کہ پاکستانیوں نے دبئی میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کررکھی ہے اور بڑی تعداد میں پاکستانی دبئی میں بسلسلہ روزگار و کاروبار مقیم ہیں نئی پابندی سے پاکستانیوں کو شدید مشکلات کاسامناکرنا پڑے گا جبکہ اس کے برعکس بھارت کو بڑی مراعات دی گئی ہیں جن میں دبئی پہنچتے ہی ایئرپورٹ پر ویزے کا اجراء بھی شامل ہے۔