اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)افغان عوام اشرف غنی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، افغان صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا، پولیس کا مظاہرین پر دھاوا، منشتر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور واٹر کینن کا استعمال، متعدد زخمی، مظاہرین کا جوابی کارروائی میں پتھروں کا استعمال۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل دھماکے کے خلاف افغان عوام احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر آگئے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ افغان حکومت انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ، افغان صدر اشرف غنی کو مستعفی ہو کر گھر چلے جانا چاہئے۔مظاہرین نے کابل دھماکے کو حکومت کی انٹیلی جنس ناکامی قرار دیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ایوان صدر کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا جس کے باعث پھسلن پیدا ہونے سے کئی مظاہرین گر کر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو شروع کر دیا۔ واضح رہے کہ بدھ کے روز کابل انتہائی حساس علاقے میں ہونے والے دھماکے میں 90 سے زائد افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ طالبان نے دھماکے سے اعلان لا تعلقی کیا ہے جبکہ افغان حکومت اسے حقانی نیٹ ورک کی کارروائی قرار دے رہی ہے۔