ممبئی (آئی این پی) بھارت کا تربیتی طیارہ دریا میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2افراد ہلاک ہوگئے جبکہ بھارتی فوج کے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کے نتیجے میں پائلٹ اور 8کمانڈوز زخمی ہوگئے ۔بھارتی میڈیاکے مطابق ریاست مہا راشٹر میں سرکاری ادارے نیشنل فلائنگ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا تربیتی طیارہ دریا میں گرکر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں انسٹرکٹر رنجن گپتا اور اس کی شاگرد شیوانی ہلاک ہو گئی۔ دونوں ممبئی سے
جہاز کو لے کر اڑے تھے۔ادھر ریاست چھتیس گڑھ کے حساس علاقے سکما میں گذشتہ روز کمانڈوز کو لے کر جانے والا ہیلی کاپٹر نے سی آر پی ایف کیمپ کے قریب کریش لینڈنگ کی جس میں پائلٹ اور 8 کمانڈوز زخمی ہو گئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ فنی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر نے کریش لینڈنگ کی۔ واضح رہے اسی علاقے میں 4 روز قبل 300 سے زائد نکسل علیحدگی پسندوں نے حملہ کرکے کئی اہکاروں کو مار دیا تھا۔