قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) مصر میں چرچ کے اندر بم دھماکے میں 21 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، تاحال کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریبی شہر تنتہ کے سینٹ جورج چرچ میں زور دار دھماکے نے ہر طرف تباہی مچادی، واقعے میں 21 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دھماکے کے وقت چرچ میں پام سنڈے کے موقع پر عبادت کیلئے بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، ہلاک افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔وزارت امور خارجہ نے اپنے ٹویٹ پیغام میں چرچ بم دھماکے کو براہ راست مصر پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بم دھماکا مصریوں کیخلاف قابل نفرت اقدام ہے۔