واشنگٹن (آ ئی این پی )افغان خاتون فوٹو گرافر کی تصویرنے نیشنل ایوارڈ حاصل کر لیا، تصویر کو واشنگٹن کے سمتھسونئین کے عجائب گھر میں نمائش رکھ دیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق افغانستان کی 21 سالہ شگوفہ الکوزی ایک نہایت ہی قابل خاتون ہے، جنہوں نے اپنی تصاویر، نظموں اور بلاگ کے ذریعے افغانستان میں بچوں اور خواتین کی حالت زار کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ان کی زندگی کا مقصد ہے کہ دنیا کے ایک غریب ملک میں بسنے والوں کی مشکلات، مسائل اور مصائب کو اجاگر کرنا ہے۔ ان کا تعلق ایسے ملک سے ہے جہاں جنگ اور مذہبی انتہا پسندی کی مشکلات بھی ہیں اور اسکول جانے کی نسبت پیسے کمانے کو فوقیت دی جاتی ہے،
اور جہاں خواتین معاشرتی اور سماجی مساوات کے لیے کوشاں ہیں۔تاہم اب ان کی ایک تصویر نے نیشنل ایوارڈ حاصل کیا ہے اور اب اسے واشنگٹن کے سمتھسونئین کے عجائب گھر میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔یہ ایک آٹھ سالہ بچے کی تصویر ہے جس کا نام پردیس ہے جو گاڑیاں دھونے کا کام کرتا ہے اور اس کی یہ تصویر کابل کی گلیوں میں اس کے کام کے وقفہ کے دوران بنائی گئی تھی۔پردیس مشقت کے باوجود اس تصویر میں مسکراتا ہوا نظر آتا ہے۔یہ تصویر ایک ساتھ ماضی، حال اور ملک کے نامعلوم مستقبل کی کہانی بتاتی ہے۔ اس تصویر کے پس منظر میں افغانستان کے دو سابق بادشاہوں امان اللہ خان اور محمد ظاہر خان کے دور کی گاڑیاں نظر آتی ہیں۔