اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدارت کا تاج اپنے سر پر سجانے والے عبداللہ حئی فرماحو دہری شہریت رکھتے ہیں۔ وہ صومالیہ کے علاوہ امریکہ کے شہری بھی ہیں۔ انہوں نے اپنے طاقتور مخالف اور طویل عرصے تک صومالیہ پر حکومت کرنے والے حسن شیخ محمود کو شکست دی ہے۔ صومالیہ کا صدر بننے سے پہلے وہ امریکا میں نیویارک سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن میں
کمشنر برائے مساوی روزگار کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔واضح رہے کہ صومالیہ کا شمار بدترین بے امنی کے شکار ممالک میں ہوتا ہے ۔ صدارتی انتخابات کے پہلے دو مراحل کے بعد حسن شیخ محمود نے شکست تسلیم کرلی جس کے بعد تیسرے مرحلے کی نوبت نہیں آئی تھی۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے الیکشن کو سبوتاژ کرنے کے لئے دہشتگرد گروپ الشباب کی طرف سے صدارتی انتخاب کے موقع پر حملوں کی دھمکی دی گئی تھی۔ ان خطرات کے پیش نظر صدارتی الیکشن کے دن دارالحکومت کی تمام بڑی سڑکیں بند تھیں جبکہ افریقی یونین کے امن دستے بھی شہر کی سڑکوں پر گشت کررہے تھے۔