اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم خواتین کے حجاب پہننے کا دفاع کرتی ہوںانہیں مکمل آزادی ہے جو چاہیں جیسا چاہیں پہن سکتی ہیں، برطانوی وزیراعظم نے مغرب کے حجاب مخالفین کو کرارا جواب دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق یوم حجاب کے موقع پربرطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ تسمینہ شیخ کے پوچھے گئے سوال کے جواب میں برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے کہا کہ ہر عورت کو اس بات کا مکمل حق اور آزادی حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے لباس کا انتخاب کر سکتی ہے۔
برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے یہ بیان ایسے موقع پر دیا ہے جب یورپ کے متعدد ممالک میں خواتین کے حجاب پہننے پر نہ صرف پابندی لگائی جا چکی ہے بلکہ حجاب پہننے والی خواتین کو متعصبانہ اور نفرت انگیز حملوں کا بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے جبکہ ایک مسلمان خاتون مروی الشربینی کو حجاب پہننے کی وجہ سے چھریوں کے وار کر کے قتل بھی کیا جا چکا ہے۔