کولمبو(آئی این پی)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے نجی چینلز کی مانیٹرنگ اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹسز کی گونج سری لنکا تک پہنچ گئی ، سری لنکن حکومت نے اپنے پرائیویٹ چینلز کی مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے پیمرا سے مدد طلب کر لی ۔ذرائع کے مطابق پیمرا کی جانب سے گزشتہ چند مہینوں کے دوران پرائیویٹ ٹی وی
چینلز کی سخت مانیٹرنگ اور پاکستانی الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کیلئے ضابطہ اخلاق بارے آگاہی کیلئے ورکشاپس کے انعقاد سے متاثر ہوکر سری لنکا کی حکومت نے اپنے پرائیویٹ چینلز کی مانیٹرنگ کیلئے پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق سری لنکن حکام نے پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کر کے پیمرا کے مانیٹرنگ نظام اور ضابطہ اخلاق اور پیمرا قوانین کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران سری لنکن حکام کا ایک وفد پاکستان کا دورہ بھی کرے گا ۔اپنے دورے کے دوران سری لنکن وفد پیمرا حکام سے ملاقاتیں کرے گا اور پیمرا قوانین اور مانیٹرنگ کے نظام کا بھی جائزہ لے گا ۔