بیجنگ (آ ئی این پی )چین میں تیار کردہ نیپالی کرنسی کی پہلی کھیپ نیپال بھیج دی گئی ،نیپال میں بھیجی گئی پہلی کھیپ صرف پانچ ماہ کی مدت میں تیار کی گئی ،یہ آرڈر چین کی بینک نوٹ پرنٹنگ کے شعبے میں بین الاقوامی منڈی میں داخل ہونے کا ایک سنگ میل ہے ۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کی بینک نوٹ پرنٹنگ اینڈ منٹنگ کارپوریشن کی جانب سے تیار کردہ ایک ہزار روپے مالیت کے نیپالی نوٹوں کی پہلی کھیپ چین کے شہر نان چھانگ سے نیپال بھیج دی گئی ہے ۔چین کی بینک نوٹ پرنٹنگ اینڈ منٹنگ کارپوریشن نے گزشتہ سال یہ آرڈر لینے کیلئے برطانیہ اور فرانس سمیت، بین الاقوامی اداروں کے ساتھ باقاعدہ بولی میں حصہ لیا اور ایک ہزار روپے مالیت کے کل بیس کروڑ نیپالی نوٹ تیار کرنے کا آرڈر حاصل کیا۔نیپال میں بھیجی گئی پہلی کھیپ صرف پانچ ماہ کی مدت میں تیار کی گئی ۔اطلاع کے مطابق ایک ہزار روپے کا نوٹ نیپال میں استعمال ہونے والا سب سے بڑی مالیت کا نوٹ ہے جو نیپال کی مالیاتی سرگرمیوں میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس کی تیاری کے لیے اعلی تیکنکی مہارت درکار ہوتی ہے ۔
اس لئے یہ آرڈر چین کی بینک نوٹ پرنٹنگ کے شعبے میں بین الاقوامی منڈی میں داخل ہونے کا ایک سنگ میل ہے ،واضح رہے کہ بھارت سے کشیدگی اور نیپال کو بھارتی علاقوں سے پیٹرول کی فراہمی روکے جانے کے بعد نیپال کو چین نے تعاون کی پیشکش کی تھی جس کے بعد چین اور نیپال کے تعلقات میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہاہے۔
دریں اثناء چین اور نیپال کے دوطرفہ تعلقات، باہمی اعتماد ، تعاون اور دوستی پر مبنی ہیں ، نیپال چین کے ساتھ مضبوط ، ٹھوس اور مستحکم تعلقات رکھتا ہے ، نیپال چائنا تعلقات ناقابل شکست ہیں اور کوئی طاقت بھی انہیں نقصان نہیں پہنچا سکتی ، چین نیپال کے اندرونی معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کرتا ، وہ نیپال کی خود مختاری کا احترام کرتا ہے جس کے لئے ہم چین کے شکرگزار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار راسٹریا پراجنترا پارٹی کے چیئر مین اور سابق نائب وزیر اعظم کمال تھاپا نے یہاں دوروزہ چائنا نیپال تھنک ٹینک کانفرنس 2017ء کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس کا اہتمام شنہوا نیوزی ایجنسی کٹھمنڈو بیور و اور ہیبی یونیورسٹی چائنا کے نیپال سٹڈی سینٹر نے مشترکہ طورپر کیا تھا ۔کانفرنس کا افتتاح سابق وزیر اعظم شرما اولی نے کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیپال اور نیپالی عوام کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ دونوں جغرافیائی دوستوں کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کرے ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چہار انسٹی ٹیوٹ آف چائنا کے انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کے سیکرٹری بورڈ ہوانگ یویی نے کہا کہ چین نیپال کا قابل اعتماد دوست ہے اور وہ چین کا خصوصی دوست ہے ، کانفرنس سے مختلف یونیورسٹیوں کے 14سے زیادہ سکالرز نے بھی خطاب کیا اور چین نیپال تعلقات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔