بیجنگ(آئی این پی )چین کے دفاعی امور کے ماہر ین چو نے کہا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین میں چینی دفاعی تنصیبات کی موجودگی مکمل طور پر مناسب ہے ۔ین چو نے چینی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کہا کہ خطے میں مضبوط امریکی بحیرہ کی موجودگی میں چینی دفاعی تنصیبات بھی مناسب ہیں ۔امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز نے کہا تھا کہ چین نے زمین سے فضاء میں مارک کرنے والے 500سے زائد میزائلز بحیرہ جنوبی چین کے جزیروں میں نصب کئے ہیں جن میں سی ایس اے 6BاورHQ9میزائلوں سمیت اینٹی بیلیسٹک اورHQ26میزائل شامل ہیں ۔ ین نے کہا کہ مغربی میڈیا کی جانب سے الزامات میں کوئی منطق نظر نہیں آتی ، امریکہ نے خطے میں اپنی مضبوط موجودگی کو یقینی بنایا ہے اور اپنے جنگی وبمبار طیارے علاقے میں رکھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چینی میزائلز نہ تو امریکہ اور نہ ہی ہمسایہ ممالک کے لئے کوئی خطرہ ہیں اورانہیں اس وقت تک استعمال نہیں کیا جائے گاجب تک چینی خودمختاری کے خلاف کوئی قدم نہ اٹھایا جائے ۔ امریکہ وہ واحد ملک ہے جو علاقائی استحکام کے لئے خطرے کا باعث بن رہا ہے جبکہ مغربی میڈیا چین کے خطرے کے حوالے سے نام نہاد الزامات عائد کررہا ہے ۔امریکی انتخابات سے لیکر اب تک خطے میں صورتحال کافی مستحکم ہے۔