ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے دو شامی بچوں کو علاج کے لیے ترکی سے مملکت منتقل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عمار مصطفی اور احمد ماجد کو ترکی کے شہر الریحانیہ سے ریاض کے پرنس سلطان میڈیکل ملٹری سِٹی لایا جائے گا۔یاد رہے کہ یہ دونوں بچے اپنے گھروں پر ہونے والی بم باری کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گئے تھے جب کہ ان کے تمام اہل خانہ جاں بحق ہو گئے۔
دوسری جانب شدت پسند تنظیم ’داعش‘ نے ترک شہر استنبول کے ایک نائٹ کلب پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی طرف سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان اس شدت پسند تنظیم کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا گیا ہے۔پیرکو جاری ہونے والے اس بیان کے مطابق خلافت کے ایک بہادر سپاہی نے ایک انتہائی مشہور نائٹ کلب کو نشانہ بنایا ہے، جہاں مسیحی اپنا باطلانہ تہوار مناتے ہیں۔