لاہور ( این این آئی) قطر کے شاہی خاندان کا 15 رکنی وفد خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچ گیا، ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے استقبال کیا، دوپہر کا کھانا جاتی امراء میں کھانے کے بعد وفد کے اراکین فیصل آباد روانہ ہو گئے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز قطری شاہی خاندان کے افراد پر مشتمل وفد خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور ائیرپورٹ پر پہنچا جہاں وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے ان کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق قطری شاہی خاندان کی آمد پر لاہور میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
قطری شاہی خاندان کے افراد حسین نواز کے ساتھ وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء روانہ ہوئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق وفد کے اراکین نے دوپہر کا کھانا جاتی عمرہ رائیونڈ میں وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی شہباز شریف کے ساتھ کھایا۔قطری وفد کچھ دیر جاتی امراء رہنے کے بعد خصوصی طیارے کی ذریعے شکار کے لئے فیصل آباد چلا گیا ۔وفد کا فیصل آباد سے سڑک کے ذریعے بھکر جانے کا پروگرام بتایا گیا ہے ۔ قطری خاندان کے افراد بکھر میں رکھ ماڑی کیمپ میں رکیں گے جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ قطری خاندان کے افراد وہاں تلور کا شکار کھیلیں گے۔ وفد کا دورہ نجی نوعیت کا ہے اور چار دن پاکستان میں قیام کرنے کے بعد وفد واپس چلا جائے گا۔