اسلام آباد(آئی این پی)سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ روس ،چین ، پاکستان اور وسطی ایشیا ملکر نئی دنیا کھولنے جا رہے ہیں جس کے تحت آنے والے وقت میں پورے خطے میں خوشحالی نظر آئے گی، روس کی طرف سے پاکستان کو مثبت پیغامات آرہے ہیں اور یہ تعلقات پورے ایشیا اور یورپ میں نئی صف بندیوں کا حصہ ہے ۔وہ ہفتہ کو سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے ایک اورسوال پر کہا کہ روس ،چین ، پاکستان اور وسطی ایشیا ملکر نئی دنیا کھولنے جا رہے ہیں جس کے تحت آنے والے وقت میں پورے خطے میں خوشحالی نظر آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا روس کے ساتھ تعلقات بڑھانا پورے ایشیا اور یورپ میں نئی صف بندیوں کا حصہ ہے ، روس ایک اہم، بڑا اور سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے ، روس کی طرف سے پاکستان کو مثبت پیغامات آرہے ہیں ، روس کو یقیناً خطے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ، اس کی بڑھتی ہوئی دلچسپی خطے میں پائیدار قیام امن کی کوششوں میں مدد دے گی ، روس نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شمولیت کی حمایت کی ۔