اسلام آبد( مانیٹرنگ ڈیسک )شام کے شمالی شہر حلب کے مغربی حصے میں قائم اقوام متحدہ کے دفتر پر ٹینک کا ایک گولا گرا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں دفتر کی عمارت کی دو بالائی منزلوں کو نقصان پہنچا۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے شام کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں براہ راست اقوام متحدہ کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا۔ اقوام متحدہ نے ایک مرتبہ پھر حلب شہر میں جاری جنگ کے تناظر میں عام شہریوں اور شہری املاک کو پہنچنے والے نقصان کی مذمت کی ہے۔ اس بیان میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ آیا اس واقعے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی ہوا ہے یا نہیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ یہ حملہ کس کی جانب سے کیا گیا۔