واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدارتی امیدوارڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستانی نژاد حامیوں نے کہاہے کہ برے سے بہتر نیا تجربہ ہے اس لئے وہ صدارتی انتخابات میں رپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیں گے، رپبلکنز نے ہمیشہ پاکستان کے لیے اچھا سوچا اور ڈیموکریٹس انڈیا کی طرف بھاگتے ہیں۔ جو مجھے بالکل پسند نہیں میڈیارپورٹس کے مطابق ایک پاکستانی ساجد تارڑ جو امریکی شہر میری لینڈ کے باسی ہیں نے کہاکہ وہ صدارتی انتخابات میں رپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیں گے،انہوں نے کہاکہ شام کے لوگ بغیر کاغذات کے آ رہے ہیں۔ ہمیں کیا پتہ کون ہیں وہ اور کیوں آئے ہیں؟ان کاکہناتھا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ جمہوریت زوال کا شکار ہے۔ ڈیموکریٹس سوشلزم کی طرف جانا چاہتے ہیں اور میں یہ خواب میں لے کر امریکہ نہیں آیا تھا۔انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹرمپ نے چند باتیں غلط کہی ہیں مگر برے تجربے سے نیا تجربہ بہتر ہے۔پاکستانی نڑاد امریکی شہری صبا احمد کے لیے خاتون ہونے کے ناطے ٹرمپ کا دفاع کرنا مشکل تو ہے مگر یہ ان کے لیے اہم یا بڑا مسئلہ نہیں۔الیگزینڈریا کی رہائشی صبا وکیل ہیں۔ انھوں نے کہاکہ وہ باتیں غلط ہیں لیکن ہمیں اپنی معیشت پر توجہ دینی ہے یہ زیادہ بڑا مسئلہ ہے۔انھوں نے ٹرمپ کی حمایت کی وجوہات بتاتے ہوئے کہاکہ ہماری طرح رپبلکنز بھی ہم جنس پرستوں کی آپس میں شادی یا اسقاط حمل کو غلط سمجھتے ہیں اور یہ غیر اسلامی ہے۔ میں کھبی اس کی حمایت نہیں کر سکتی۔حنیف اخترنے کہاکہ رپبلکنز نے ہمیشہ پاکستان کیلئے اچھا سوچا اور ڈیموکریٹس انڈیا کی طرف بھاگتے ہیں۔ جو مجھے بالکل پسند نہیں۔