نیویارک(این ا ین آئی)اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے شام میں ایک سکول پر ہونے والے فضائی حملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعہ کو جاری کیے گئے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہاکہ اگر عالمی غم و غصے کے باوجود ایسے حملے جاری ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ حملہ آوروں کو، چاہے وہ اقتدار کے ایوانوں میں موجود ہوں یا باغیوں کے ٹھکانوں میں، انصاف کا کوئی خوف نہیں ہے۔ انھیں لازماً غلط ثابت کرنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ خاندانوں سے بچے ہمیشہ کے لیے بچھڑ گئے ہیں، استادوں نے اپنے شاگرد ہمیشہ کے لیے کھو دیے ہیں۔ شام کے مستقبل پر ایک اور داغ۔ اس بربریت پر دنیا کا احساسِ تنفر کب اس اصرار کے مساوی ہو گا کہ ایسے حملے ہر صورت ختم ہونے چاہییں۔