واشنگٹن (این این آئی) امریکا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مبنی پاکستانی دستاویز پر غور کا عندیہ دے دیا ہے۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق سالانہ رپورٹ کی تیاری میں دیکھا جائیگا کہ کہاں کہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ٗکشمیرمیں ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم پر مبنی پاکستانی دستاویز کا امریکا نے جائزہ لینے کی یقین دہانی کرادی ہے ۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے امریکا بھیجے گئے وفد نے امریکی حکام اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں سے ملاقاتیں کی تھیں اور کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں سو سے زائد افراد کے قتل اور ہزاروں کے زخمی ہونے سے متعلق دستاویزی رپورٹ پیش کی تھی،دریں اثناء امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا ہے کہ پاک بھارت ڈائیلاگ اور تعاون ہی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے جبکہ حافظ سعید سے متعلق تبصروں پر مارک ٹونر نے ردعمل دینے سے صاف انکار کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان مارک ٹونر نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی متنازع معاملات چل رہے ہیں مگر ہم خطے کے مفاد کیلئے دونوں ممالک میں مصالحت کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ۔حافظ سعید سے متعلق تبصروں پر مارک ٹونر نے ردعمل سے صاف انکار کیا تاہم انہوں نے کہاکہ حافظ سعید اور لشکر طیبہ کو دہشت گرد قرار دیا جاچکا ہے اور لشکر طیبہ امریکیوں سمیت سینکڑوں معصوم افراد کے قتل میں ملوث ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے واضح طور پر کہنا تھا کہ کشمیر سے متعلق امریکی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔