صنعاء (آئی این پی) یمن میں سعودی اتحادی طیاروں کی وزیر داخلہ کے والد کے جنازے پر بمباری کے نتیجے میں 100 سے زائدافراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمنی صحافی حسین البخیتی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا کہ ہفتہ کے روز پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے کے قریب سعودی عرب اور متحدہ عرب کے لڑاکا طیاروں نے صنعا کے علاقے حدہ میں موجود ’’ دی گریٹ ہال‘‘ میں ہونے والے ایک جنازے پر شدید قسم کی بمباری کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ یمن کے وزیر داخلہ جنرل رویشن کے والد کا جنازہ گریٹ ہال میں ادا کیا جارہا تھا جس میں یمن کے سینئر سیاستدان اور قبائلی رہنماؤ ں سمیت ہزاروں لوگ موجود تھے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے طیاروں نے ہال پر تین حملے کیے۔ پہلے اور دوسرے حملے میں جنازے کو نشانہ بنایا گیا جبکہ تیسرے حملے میں امدادی ٹیموں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد مارے گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سعودی اتحادی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں مارے جانے والے افراد کی تعداد ایک سو سے زیادہ ہوسکتی ہے۔ حکام کاکہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں شیعہ حوثی باغیوں کے فوجی اور دیگر سیکورٹی افسر شامل ہیں۔