صنعا ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں یمن میں 72 گھنٹوں کی قابل توسیع جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کر دیا جائے گا اور ساتھ ہی اس جنگ بندی پر عمل درامد کے لیے امن کمیٹی کو فعال کر دیا جائے گا۔ولد الشیخ نے سلطنت عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے ایک بیان میں کہاکہ وہ اس سلسلے میں یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی سے ملاقات کے لیے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔اقوام متحدہ کے ایلچی نے یہ عندیہ دیا کہ “حوثی” اور معزول صالح فائربندی کے لیے قائل اور امن اور کوآرڈی نیشن کمیٹی کے فعال ہونے پر آمادہ ہوچکے ہیں۔ولد الشیخ کے مطابق آئندہ دو ہفتوں کے دوران اس بات کی توقع ہے کہ امن کے قیام اور یمن کے مسئلے کے حل کے واسطے اقوام متحدہ کے مربوط منصوبے کا حقیقی دستاویز پیش کر دیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس دستاویز کے پیش کیے جانے سے قبل بعض مشاورتیں مطلوب ہیں۔

























