واشنگٹن(این این آئی) امریکا نے سندھ طاس معاہدے کو پر امن شراکت داری کا نمونہ قرار دیتے ہوئے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ وہ معاہدے پر قائم رہیں۔گزشتہ روزبھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہا ہے تاکہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو پالیسی بدلنے پر مجبور کیا جاسکے۔اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ گزشتہ 50 سے زائد برسوں سے بھارت اور پاکستان کے درمیان پرامن شراکت داری کے نمونے کے طور پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت تمام باہمی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے۔واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان سندھ طاس معاہدہ 19 ستمبر 1960 کو ورلڈ بینک کی ثالثی میں کراچی میں ہوا تھا جس پر اس وقت کے پاکستانی صدر ایوب خان اور بھارتی وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے دستخط کیے تھے۔