انقرہ (این این آئی)ترک حکام نے کہاہے کہ ازبکستان کے صدر اسلام کریموف انتقال کر گئے ہیں تاہم ازبکستان کی حکومت کی جانب سے تاحال سرکاری سطح پر اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔78 سالہ اسلام کریموف کو گذشتہ دنوں دماغ کی شریان پھٹنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور ازبک حکومت کا کہنا ہے کہ صدر کریموف شدید علیل ہیں۔جمعے کو ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے ٹی وی پر بتایا کہ اسلام کریموف انتقال کر چکے ہیں۔ٹی وی پر براہ راست نشر کی جانے والی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہاکہ ازبک صدر اسلام کریموف چل بسے ہیں۔ خدا ان پر رحم کرے، بطور ترک جمہوریہ ہم ازبک عوام کے دکھ اور درد میں شریک ہیں۔خیال رہے کہ ترک وزیر اعظم کے بیان سے قبل صدر کریموف کی موت کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ صدر کریموف انتقال کر چکے ہیں جمعے کو برطانوی میڈیا نے بھی تین سفارتی ذرائع سے صدر کریموف کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔