کراچی(این این آئی)پاکستان اور ترکی نے دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے رواں سال 31 دسمبر تک آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات مکمل اور 85 فیصد اشیاکی ڈیوٹی فری رسائی دینے پر اتفاق کرلیا ہے۔ وزارت تجارت کے حکام کے مطابق پاکستان اور ترکی نے 31 دسمبر تک آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات مکمل کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔دونوں ممالک پچاسی فیصد اشیاکی ڈیوٹی فری رسائی دینے پر بھی متفق ہو گئے ہیں جس کے تحت ترکی پاکستان کو 85 فیصد اشیاکی برآمد پر ڈیوٹی فری رسائی دیگا اور اسی طرح ترکی بھی پاکستان کو 85فیصد اشیابغیر کسی ڈیوٹی کے بر آمد کر سکے گا۔حکام کے مطابق آزاد تجارتی معاہدے کے بعد پاکستان مختصر عرصہ میں ترکی کیلئے برآمدات میں پچاس سے ساٹھ کروڑ ڈالر کا اضافہ کرسکتا ہے۔ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم پچاس کروڑ ڈالر ہے جس میں ترکی کی برآمدات 30کروڑ 90لاکھ ڈالر اور درآمدات 19کروڑ 10لاکھ ڈالر ہے۔