نئی دہلی(این این آئی) آل انڈیا ریڈیو بلوچی زبان میں اپنی نیوز سروس شروع کرے گا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس کی منظو ر ی دے دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بلوچی زبان میں نیوز سروس کا آغاز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بلوچستان کے متعلق بیان کے تناظر میں کیا جارہا ہے۔بلوچی زبان میں نیوز سروس میں وسیع کرنے کی منصوبہ بندی کے متعلق آل انڈیا ریڈیو کے ڈائریکٹر جنرل فیاض شہریار نے مرکزی وزیر جتیندر سنگھ سے ملاقات کے بعد بتایا کہ آل انڈیا ریڈیو کی ریڈیو کشمیر جموں اسٹیشن سے آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں نشریات سنی جاتی ہیں۔اب مقبوضہ جموں میں 300کے وی ڈیجیٹل مونٹریال ٹرانس میٹر نصب کیا جا رہا ہے جس سے300 کلومیٹر تک پروگرام کی رینج ہوگی۔انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ان کے پروگرام سنے جاتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق آل انڈیا ریڈیو1974 سے بلوچی زبان میں سروس جاری رکھے ہوئے ہے تاہم اب اس سروس میں وسعت دیتے ہوئے زیادہ تر بلوچی نیوز پر فوکس کرے گا ، موجودہ نیوز بلیٹن کا دورانیہ 10 منٹ کا ہے جس میں اضافہ کیا جائے گا۔