ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)مائیکرو سافٹ نے اپنی مترجم ویب سائٹ بینگ پر لفظ داعش کا انگلش میں ترجمہ سعودی عرب کرنے پر معذرت کرلی۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق سعودی عرب میں مائیکرو سافٹ کے نائب صدر ممدو ناجر نے ٹویٹ کیا کہ یہ واقعہ ایک نادانستہ غلطی ہے ،مائیکر سافٹ کے ملازم کی حیثیت سے وہ ذاتی طور پر سعودی عرب سے معافی کے طلبگار ہیں۔مائیکرو سافٹ کی ترجمہ کرنے کی ویب سائٹ بینگ نے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے عربی میں نام داعش کا انگریزی میں ترجمہ سعودی عرب کیا تھا جس کے بعد اسے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، کسی نے ذمہ داروں کی برطرفی کا مطالبہ کیا تو کوئی مائیکرو سافٹ کے مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کرتا رہا ۔ خلیج ٹائمز کے مطابق لفظ داعش کے غلط ترجمے پر سعودی عوام میں شدید غم و غصہ دیکھا گیا بعض افراد کا موقف تھا کہ ان کے ملک کو دشمن نے دہشتگردی سے جوڑنے کی کوشش کی۔مائیکرو سافٹ کے نائب صدر ممدو ناجر کی معافی کو مثبت اقدام سمجھا جا رہا ہے اور بعض سعودی اس سے متفق بھی ہیں لیکن دوسری جانب کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ اگر کسی دوسرے ملک کے لیے اتنی متنازعہ بات کی جاتی تو پوری دنیا کو الٹ دیا جاتا۔