بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)چین نے سی پیک منصوبے پر بھارتی اعتراضات مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر اقتصادی راہداری منصوبے کی تعمیر کو آ گے بڑھائیں گے ، سی پیک چین اور پاکستان دونوں ملکوں کی حکومتوں کے درمیان اتفاق رائے کا نتیجہ ہے، سی پیک منصوبہ مکمل عمل در آمد کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ایک بیان میں ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہاکہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر اقتصادی راہداری منصوبے کی تعمیر کو آ گے بڑھائے گا۔چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھون اینگ نے سی پیک اسلام آباد کانفرنس کے حوالے سے ایک سوال پر کہاکہ سی پیک چین اور پاکستان دونوں ملکوں کی حکومتوں کے درمیان اتفاق رائے کا نتیجہ ہے جو دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط اور معاشی و تجارتی شعبے میں تعاون کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ مکمل عمل در آمد کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔