نئی دہلی (این این آئی)امریکہ اور بھارت نے دو طرفہ تجارت کو 500ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ پاکستان پٹھان کوٹ حملے میں تحقیقات سے جلد آگاہ کرے منگل کو بھارت کے دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنی بھارتی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ ٗ بھارت امریکہ تعلقات ٗ دوطرفہ دلچسپی کے معاملات ٗ مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بھارت امریکہ دو طرفہ تجارت کو 500ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان کیری نے کہاکہ دونوں جمہوریتیں مل کرنہ صرف اپنے عوام بلکہ دنیا کوبھی فائدہ پہنچاسکتی ہیں ۔ امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ دہشتگردوں کے خلاف معلومات کے تبادلے پر اتفاق ہوا ہے انہوں نے کہاکہ امریکہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرتا رہے گا انہوں نے کہاکہ دہشتگرد دہشتگرد ہوتا ہے اچھا برا کوئی نہیں امریکہ ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہے جان کیری نے کہاکہ دہشتگردی دہشتگردی ہے چاہے کہیں سے بھی ہو اور کوئی بھی کرے ۔ اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہاکہ کوئی ملک بھی دہشتگردوں کیلئے پناہ گاہیں فراہم نہیں کر سکتا انہوں نے کہاکہ نیوکلیئرسپلائی گروپ میں رکنیت پرامریکی حمایت کے شکرگزارہیں۔سشماسوارج نے کہاکہ اس بات پر اتفاق ہواکہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے دہرے معیار نہیں ہوسکتے انہوں نے کہاکہ پاکستان پٹھان کوٹ حملے میں تحقیقات سے جلد آگاہ کرے۔ یاد رہے کہ بھارت اور امریکہ نے ایک دوسرے کی فوجی تنصیبات اور ساز و سامان کے استعمال سے متعلق ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر فوجی ساز و سامان کی مرمت، فراہمی اور ایندھن بھرنے کا راستہ کھول دے گا۔معاہدے کا اعلان امریکہ کے دورے پر آئے بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر اور امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر کی ملاقات کے بعد جاری ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا۔ معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے ہوئے ایشٹن کارٹر نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کی فوج کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا آسان ہو جائیگا لیکن یہ ہمیشہ دونوں کی رضامندی سے ہی ہوگا۔ایشٹن کارٹر اور منوہر پاریکر دونوں نے یہ بھی واضع کیا کہ اس معاہدے سے کسی بھی فریق کو ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر فوجیوں کو تعینات کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔