نئی دہلی (این این آئی)خاموشی سے بھارت کو’’لوٹ لیاگیا‘‘اہم ترین منصوبہ داؤ پر لگ گیا،بھارتی حکومت اورفوج میں کھلبلی مچ گئی،بھارت کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ اسکورپین آبدوز کی ساخت اور تیاری سے متعلق خفیہ اطلاعات کے بائیس ہزار صفحات ہیک کر لئے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے ایک بیان میں کہاکہ ہیک شدہ صفحات میں مذکورہ آبدوزوں کی مکمل معلومات نہیں ہیں کیونکہ حساس معلومات اب بھی بھارت کے اختیار میں ہیں۔ بھارت میں فرانس کے تعاون سے تیار کی جانے والی اسکورپین آبدوزوں کے منصوبے پر ساڑھے تین ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ ادھر بھارتی کی وزارت دفاع نے بھی کہا کہ معاملے کا جائزہ لینے کے لئے وزارت دفاع کے ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ جو معلومات ہیک کی گئی ہیں ان میں مذکورہ آبدوزوں کی آواز، رفتار اور گہرائی میں جانے سے متعلق معلومات شامل ہیں۔