جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھرمیں رواں سال بے روزگار نوجوانوں کی تعدادبڑھ کر7 کروڑ10 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ اس بات کا انکشاف اقوام متحدہ کی لیبر ایجنسی نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2016ء کے دوران دنیا بھرمیں بے روزگار نوجوانوں کی تعداد میں پانچ لاکھ تک کا اضافہ ہوسکتا ہے جس سے نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح بڑھ کر 13.1فیصد تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے سینئر ماہر اقتصادیات سٹیون ٹوبن کا کہناہے کہ عالمی سطح پر نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ کی بڑی وجہ ابھرتی ہوئی معیشتوں کی برآمدات میں توقعات سے زیادہ کمی اور کئی ترقی پذیرممالک کی شرح نمو کا جمود کا شکار ہونا ہے تاہم آئی ایل او کی رپورٹ کے مطابق 2017ء کے دوران صورتحال میں بہتری کا امکان ہے ۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایک تہائی سے زائد ملازمت پیشہ نوجوان انتہائی غربت یا کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ عرب ریاستوں جو زمینی تنازعات کا شکار ہیں، میں نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح سب سے زیادہ 30فیصدسے بھی زائد ہے۔