اٹلی(آئی این پی ) اٹلی میں آنے والے زلزلے نے ہر طرف بڑی تبا ہی مچا دی ہے جس کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتیں دو سو چالیس تک پہنچ گئی ہیں، پانچ سو کے قریب افراد کو زخمی حالت میں ہسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا ہے۔ تباہ ہونیوالی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق اٹلی میں حکام کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقے میں بدھ کو آنے والے شدید زلزلے میں اب تک 240 سے زائد افراد ہلاک اور کم سے کم 368 زخمی ہوئے ہیں جبکہ اب بھی لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ۔اٹلی کے وزیرِ صحت کا کہنا ہے کہ مرنے والے افراد میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے اور اس بات کا خدشہ ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔خیال رہے کہ اٹلی میں حکام کے مطابق بدھ کو ملک کے وسطی حصے میں آنے والے شدید زلزلے سے بڑی تعداد میں عمارتیں منہدم ہو گئیں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔حکام کے مطابق سب سے زیادہ 96 ہلاکتیں اکومولی میں ہوئی ہیں جو زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ہے۔