چشتیاں(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے دوسرے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان میں ان کے اہل خانہ کے علاوہ زمین، مکان، پلاٹ اور دوسری املاک کے مقدمات کے اندراج اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے پنجاب کے ہر ضلعی ہیڈ کوارٹر پر اوورسیز پاکستانیز تھانہ و عدالت کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے صوبائی وزیر قانون کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کے علاوہ جناب چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مشاورت کے بعد اقدامات عمل میں لائیں اوورسیز پاکستانیز کمیونٹی کے راہنما و مسلم لیگ ن کے ایم پی اے چوہدری احسان الحق باجوہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ خصوصی ملاقات کے بعد چشتیاں میں کونسلرز اور معززین سے بات چیت کے دوران کہا کہ دوسرے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی قیمتی زر مبادلہ اپنے وطن بھیجتے ہیں جو کہ ملک کی ناقابل فراموش خدمت ہے ۔ چنانچہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مسائل سے آگاہی کے بعد تاریخ ساز فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب کے 36 اضلاع میں سپیشل تھانہ کے قیام اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کی منظوری دے دی ہے اور اس کو ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔