مزارشریف(نیوزڈیسک) افغان صوبے فریاب میں خود کش بم دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے فریاب کے ضلع المار کی مارکیٹ میں ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق جب کہ 38 زخمی ہوگئے۔ صوبے کے گورنر عبدالستار باریز کا کہنا تھا دھماکے میں افغان فوجی بھی ہلاک ہوا اور 38 افراد زخمی ہوگئے جب کہ حملہ آور کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان تھی اور اس نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی۔صوبے کے پولیس چیف کے مطابق خفیہ اطلاع کے ذریعے خودکش حملہ آور کے علاقے میں داخل ہونے کی اطلاع مل چکی تھی جس کے بعد علاقے میں ایک چیک پوسٹ بھی قائم کی گئی تھی تاہم پولیس کی کارروائی سے قبل ہی حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ پولیس کےمطابق تاحال دھماکے کی ذمہ داری کسی تنظیم یا گروپ نے قبول نہیں کی