دبئی (نیوزڈیسک)متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے ملک میں مذہبی ،نسلی ،لسانی ،عقیدے اور طبقے کی بنیاد پر امتیازات کے خاتمے کےلئے ایک نئے قانون کا اجراءکیا ہے۔رپورٹ کے مطابق قانون نمبر دو مجریہ 2015ءکے تحت نفرت کی بنا پر کسی بھی قسم کے جرائم ،تقریر ،تحریر یا آن لائن میڈیا کے ذریعے کسی بھی شکل میں مذاہب پر حملہ آور ہونے پر پابندی عاید کردی گئی قانون کے نفاذ کا مقصد رواداری اور کھلے پن کی بنیاد پر معاشرے کا تحفظ کرنا ہے قانون کے تحت مذہبی علامات ،رسوم یا مقدس تیوہاروں پر کسی بھی قسم کا حملہ مستوجب سزا جرم ہوگا۔شہریوں کی کسی بھی قسم کی مذہبی منافرت یا نسل پرستی پھیلانے کے واقعے کی حکام کو اطلاع دینے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔قانون کی مختلف تصریحات اور شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکبین کو چھے ماہ سے دس سال تک قید اور پچاس ہزار درہم سے بیس لاکھ درہم تک جرمانے کی سزا سنائی جاسکے گی۔