میڈرڈ (نیوزڈیسک)عالمی سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے سپین میں ایک ارب یوروز سے تعمیر کردہ ایک خالی ائیرپورٹ کو صرف دس ہزار یوروز میں خرید لیا۔میڈرڈ سے 235 کلومیٹر دور جنوب میں سیوداد رئیل ائیرپورٹ کا افتتاح 2008 میں ہوا تاہم دیوالیہ ہونے کی وجہ سے اسے 2012 میں بند کر دیا گیا۔اسے سپین کے خوشحالی کے دنوں میں میڈرڈ کے مرکزی باراجا ائیرپورٹ کے متبادل کے طور پر بنایا گیا تھا تاہم یہ بھوت ائیرپورٹ مسافروں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔نیلامی میں فروخت ہونے والے ائیرپورٹ کیلئے واحد بولی چینی قیادت میں ایک کنسورشیم نے لگائی تھی تاہم ستمبر کے آخر تک کسی دوسرے خریدار کے سامنے آنے کی صورت میں اسے 28 ملین یوروز کی کم سے کم قیمت کے ساتھ دوبارہ نیلامی کیلئے پیش کیا جا سکتا ہے۔کنسورشیم کا کہنا ہے کہ وہ اس ائیر پورٹ کو چینی کمپنیوں کے یورپ میں داخلے کے طور پر استعمال کرنے کے خواہش مند ہیں۔