انقرہ(نیوزڈیسک) شام کی سرحد سے متصل ترکی کے علاقے سوروچ میں خود کش حملے میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ وزارت داخلہ نے ایک بیان میں بتایا کہ سوروچ میں پیر کی دوپہر 12 بجے کے قریب ایک دہشت گرد حملہ ہوا جس میں ابتدائی تحقیقات کے مطابق 28 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حملے میں 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ ایک خود کش حملہ تھا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں بھی 28 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ابھی تک کسی نے بھی اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی لیکن خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر دولت اسلامیہ اس حملے میں ملوث ہو سکتی ہے۔وزارت داخلہ نے کہا کہ ’ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہماری قومی یکجہتی پر کیے گئے اس دہشت گرد حملے پر اپنے ہوش و ہواس قابو میں رکھیں‘۔سوروچ شام کے شہر کوبانی سے متصل ہے جہاں گزشتہ ایک سال سے مشرق وسطیٰ کی شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ اور کرد جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ان جھڑپوں کے سبب کوبانی کی بڑی آبادی نے نقل مکانی کر کے سوروچ میں پناہ لے لی تھی۔پاکستان نے ترکی میں کئے جانے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کااظہار کیا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں