اسلام آباد(نیوز ڈیسک) منشیات کی دنیا کا مطلوب ترین سمگلر جوکن الچاپو گزمین 14 سال کے دوران دوسری مرتبہ جیل سے فرار ہوگیا۔میکسیکن حکام کا کہنا ہے کہ جیل کے باہر سخت سیکیورٹی کے باوجود منشیات اسمگلرجوکن الچاپو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جب کہ 14 سالہ قید کے دوران وہ دوسری مرتبہ فرار ہونے میں کامیاب ہوا ہے۔ نیشنل سیکیورٹی کمیشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ الچاپو گزمین کو سیکیورٹی کیمروں کی مدد سے آخری مرتبہ الٹیپانو جیل میں دیکھا گیا تھا تاہم جب جیل میں اس کی موجودگی نہ پائی گئی تو جیل میں الارم بجائے گئے جس کے بعد دارالحکومت سمیت قریبی ریاستوں میں ناکہ بندی کرتے ہوئے منشیات اسمگلر کی تلاش شروع کردی گئی ہے جب کہ قریبی طولوکا ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ الچاپوگزمین پہلی مرتبہ 2001 میں دھوبی کی گاڑی میں چھپ کر فرار ہوا تھا جسے فروری 2014 میں ریاست سینالوئی میں چھاپے کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔